13 اگست ، 2023
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کےخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔
نگراں وزیر بلدیات عامر میر کے مطابق نقشے سے ہٹ کر تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیا گیا ہے اور منظورشدہ نقشوں کے برعکس زیر تعمیر 51 سے زائد عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں۔
عامر میر کے مطابق غیرقانونی تعمیرات میں ملوث محکمہ بلدیات کے بلڈنگ انسپکٹرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب داتا گنج بخش زون میں میکلوڈ روڈ پر دکانوں کے نیچے تہہ خانوں کی کھدائی روک دی گئی ہے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے دکان مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاملہ بارشوں کے دوران کھدائی کی شکایات پر تفتیش کے دوران منظر عام پر آیا، کھدائی رکوا کر تہہ خانوں میں مٹی واپس ڈلوا دی گئی ہے۔
نگران وزیر بلدیات کا کہنا تھا انارکلی میں نقشہ منظورکرائے بغیرکمرشل منصوبے پر تعمیر روکتے ہوئے زیر تعمیر ایریا سیل کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروا دی گئی ہے۔
عامر میر نے بتایا کہ غیرقانونی تعمیرات میں صرف مالکان نہیں ان کےسہولت کار بھی برابرکے شریک ہیں، محکمےمیں رشوت لینے اور دینےوالوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائےگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ناجائزتعمیرات کےخلاف کارروائیاں خالصتاً عوامی شکایات پرکی جا رہی ہیں،کرپشن مافیا میں ملوث اہلکاروں کو بلیک لسٹ کیا جارہا ہے اور غیرقانونی تعمیرات میں سہولت فراہم کرنےوالوں کیخلاف محکمانہ کارروائیاں ضابطے کاحصہ ہیں۔