15 اگست ، 2023
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین پر 1 روپے 52 پیسے اضافی سرچارج کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
حکومتی درخواست کی منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 24 ارب 50 کروڑ سے زائد کا بوجھ پڑے گا جبکہ نیپرا کی جانب سے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت پاور ڈویژن کی جانب سے 2019 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں سرچارج وصول کرنے کی درخواست پر ہونے والی سماعت میں پرانی وصولیوں سے متعلق تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔
پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ مئی 2019 میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس پر نوٹیفکیشن کیا گیا اور کورونا کے باعث حکومت نے اس وقت اضافی بوجھ کو روک دیا تھا۔
نیپرا اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گا، وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد کے الیکٹرک صارفین پر سرچارج عائد ہوجائے گا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کے صارفین سے فی یونٹ سرچارج وصول کرنے سے متعلق حکومتی درخواست کی منظوری کی صورت میں کراچی کے صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 28 ارب 91 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔