Time 16 اگست ، 2023
پاکستان

گجر و اورنگی نالہ متاثرین کی بحالی کا معاملہ، وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی سپریم کورٹ طلب

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔ فوٹو فائل
عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے گجر نالہ اور اورنگی ٹاؤن نالہ متاثرین کی بحالی سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

گجر نالہ اور اورنگی نالہ متاثرین کی بحالی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کا کہنا تھا عدالت نے متاثرین کی بحالی کے لیے دو سال کا وقت دیا تھا، ماہانہ رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن سندھ حکومت نے تاحال کوئی رپورٹ پیش نہیں کی۔

درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مراد علی شاہ کو توہین عدالت پر جیل بھیجنے کے مطالبے پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ وزیراعلیٰ کو جیل بھیج کر کیا کر لیں گے، آپ بھی عملدرآمد چاہتے ہیں ہم بھی ایسے لوگوں کو احکامات جاری کرتے ہیں جن سے ہم کچھ حاصل کر سکیں۔

جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا مراد علی شاہ کل آکر کہہ سکتے ہیں میں وزیراعلیٰ نہیں رہا، میں نے اپنے دور میں بہت کوشش کی لیکن عملدرآمد نہیں ہو سکا، ہم سپیریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کل میں نگران حکومت آجائے گی تو متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرتے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے علاوہ چیف سیکرٹری سندھ، کمشنر کراچی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی کل صبح 11 بجے پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔

مزید خبریں :