Time 17 اگست ، 2023
پاکستان

عمران خان کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت آج نہیں ہوسکے گی

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدم موجودگی کےباعث آج سماعت نہیں ہوسکے گی/ فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدم موجودگی کےباعث آج سماعت نہیں ہوسکے گی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت نہیں ہوسکے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت آج ہونا تھی تاہم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدم موجودگی کےباعث آج سماعت نہیں ہوسکے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست پر بھی آج ہی سماعت ہونا تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس درخواست پر پنجاب حکومت اور جیل حکام سے جواب طلب کررکھا ہے۔

گزشتہ سماعت میں کیا ہوا؟

گزشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔

عدالت نے کہا بتایا جائے کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا۔

عدالت نے اس بات پر معاونت طلب کی تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا نہیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے، جیل رولز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی دوست، رشتے دار اور وکلا سے ملاقات کروائیں، انہیں جائے نماز اور انگریزی ترجمے کے ساتھ قرآن مجید دیا جائے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں :