Time 17 اگست ، 2023
پاکستان

لاہور کے روشن گھر منشیات بحالی سینٹر سے 40 نشے کے عادی مریض فرار ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورے کے ایک روز بعد منشیات بحالی سینٹر سے سنگین جسمانی امراض میں مبتلا 40 نشے کے عادی مریض فرار ہو گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے 90 کے قریب نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لے کر  رائے ونڈ روڈ پر قائم روشن گھر منشیات بحالی سینٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

سینٹر منتقلی کے ایک روز بعد ہی علاج کیلئے لائے گئے 90 مریضوں میں سے 40 افراد منشیات بحالی سینٹر کی کھڑکیاں، شیشے اور مین گیٹ کا جنگلہ توڑ کر فرار ہو گئے۔

نشے کے عادی مریضوں کی فرار کے وقت بحالی سینٹر پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

انچارج ایڈز کنٹرول پروگرام پنجاب ڈاکٹر فاروق احمد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نشے کے عادی باقی 50 افراد کو روشن گھر رائے ونڈ سے مینٹل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ کالے یرقان اور ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا ہیں جبکہ ان کے ٹی بی کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات بحالی سینٹر سے ہنگامی آرائی کے بعد فرار ہونے والے منشیات کے عادی مریضوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :