06 جنوری ، 2013
پشاور…سابق امیرجماعت اسلامی قاضی حسین احمدکی نمازجنازہ کی جگہ تبدیل کردی گئی ہے، اب نمازجنازہ سہ پہر 3 بجے جناح پارک کی بجائے موٹروے چوک رنگ روڈپراداکی جا ئے گی۔ قاضی حسین احمد گزشتہ رات ایک بجے کے قریب 74سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، وہ طویل عرصے سے دِل کے عرضے میں مبتلا تھے اورانہیں دمہ کا مرض بھی لاحق تھا۔ قاضی حسین احمد گزشتہ تین رو ز سے علیل تھے اور انہیں علاج کی غرض اسلام آبادکے ایف ٹین میں واقع نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا تاہم رات گئے ساڑھے بارہ بجے کے قریب انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔اسلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمد 12 جنوری1938 کو خیبرپختون خوا کے ضلع نوشہرہ کاکاصاحب میں پیدا ہوئے، اسلامی جمعیت طلبا کے رکن سمیت بائیس سال تک جماعت اسلامی پاکستان کے امیر رہے، قاضی حسین احمد 1987سے لے کر دوہزار چھ تک مرکزی امیر رہے ۔ اِس سے پہلے مرکزی جنرل سیکریٹری،خیبرپختونخوا کے صوبائی اور پشاور کے امیر بھی رہے، مرحوم قاضی حسین احمد کافی عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور کئی بار دل کا بائی پاس کرچکے تھے،اتوار کی رات بارہ بجے کے قریب ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور دل کا خطرناک دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔