06 جنوری ، 2013
نئی دہلی…تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم نئی دہلی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے اور اظہر علی کی جگہ عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کیا گیاہے، جبکہ بھارت نے دو تبدیلیاں کی ہیں اور اشوک ڈنڈا اور وریندرسہواگ کی جگہ اجنکیا رہانے اور شامی احمد کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔تین میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو دو۔صفرکی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ بھارت ٹیم 1984-85 کے بعد ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے سیریزمیں کلین سوئپ کے خطرے سے دوچار ہے۔ ویسٹ انڈیزنے اسی کی سرزمین پر شکست دی تھی۔گزشتہ دس سال میں آسٹریلیا کے بعد پاکستان ایسی ٹیم ہے جس نے بھارت کو اس کے میدان پر شکست دی ہے۔ بھارتی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو کلین سوئپ سے روکیں۔ مصباح نئی دہلی کا قلعہ سر کرکے ریکارڈ بک میں کامیاب ترین کپتان بن سکتے ہیں۔ نئی دہلی میں خون گرما دینے والے موسم میں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔