21 اگست ، 2023
پشاور کی احتساب عدالت نے محکمہ اوقاف کی اراضی کی غیرقانونی لیز کے کیس میں ایڈیشنل کمشنر کوہاٹ ہدایت اللہ اور ڈپٹی سیکرٹری محکمہ اوقاف شیر افضل کو 7 روزہ ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو(نیب) کے حوالے کردیا۔
نیب خیبرپختونخوا نے ایڈیشنل کمشنر کوہاٹ اور ڈپٹی سیکریٹری محکمہ اوقاف کو اراضی کی غیرقانونی لیز پر گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج یونس خان نے کیس پر سماعت کی۔
نیب کی جانب سے تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
دونوں ملزمان پر محکمہ اوقاف کی اراضی غیرقانونی طور پر منظورنظر افراد کو لیز پر دینے کا الزام ہے۔
دوسری جانب پروونشل منیجمنٹ سروس (پی ایم ایس) آفیسرز ایسوسی ایشن نے نیب کی جانب سےگریڈ 19 کے پی ایم ایس کے افسر کو حراست میں لینے پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو خط لکھ دیا۔
خط میں نیب پر اختیارات سے تجاوز کرنےکا الزام عائدکیا گیا ہے۔
پی ایم ایس آفیسرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ ایڈیشنل کمشنر کوہاٹ کو نیب نے سڑک سے اغوا کیا،گریڈ 19 کے افسر کو زیر سماعت پرانے کیس میں پکڑا گیا، مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ایف آئی آر اور گرفتاری نہیں کی جاتی۔