پاکستان
06 جنوری ، 2013

شاہ زیب قتل کیس : ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل

شاہ زیب قتل کیس : ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل

کراچی … شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں، گرفتار ملزمان سراج تالپو اور دیگر کو پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے شاہ زیب کے قتل میں نامزد ملزم سراج تالپور کو پولیس نے گزشتہ روز اندرون سندھ سے گرفتار کرکے کراچی پہنچایا جبکہ ڈیفنس میں پولیس نے چھاپہ مار کر قتل میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرکے 2 افراد کو گرفتار کیاتھا۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان بحریہ میں پولیس افسر کے بیٹے شاہ زیب کے قتل میں ملوث نامزد ملزمان میں سے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد کو دادو سے گرفتار کیا گیا، گرفتار افراد میں نواب سراج تالپور، نواب سجاد تالپور شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کرلی گئی ہیں۔ جس کے بعد گرفتار ملزمان کو پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس سے قبل پولیس نے ڈیفنس کے علاقے خیابان بدر میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر شاہ زیب کے قتل میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی پر واردات کے وقت مورو فائیو کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ مطلوبہ گاڑی آصف لُنڈ نامی شخص کی ہے جو واردات کے وقت ملزم شاہ رخ جتوئی کے ساتھ تھا۔ آصف لُنڈ کو گرفتار نہیں کیا جاسکا تاہم اس کے بھائی اور رشتے دار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ شاہ رخ جتوئی کے پاسپورٹ کی نقل جیو نیوز نے حاصل کر لی ہیں جس کے مطابق اس کا پاسپورٹ نمبر ایس ای 5304552 ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک صفحے پر آسٹریلیا سے روانگی کی تاریخ 27 مارچ درج ہے جبکہ اسی صفحے پر متحدہ عرب امارات میں اس کی آمد کی تاریخ 27 دسمبر ہے یعنی وہ شاہ زیب کے قتل کے ٹھیک 2دن بعد ملک سے روانہ ہوا ہے۔ کراچی کے پوش ترین علاقے ڈیفنس کے خیابان بحریہ میں 25 دسمبر کی شب گاڑی پر فائرنگ کر کے ڈی ایس پی اورنگزیب کے جواں سال بیٹے شاہ زیب کو اس کی بہن کے ولیمے والے روز قتل کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :