06 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب حکومت نے غیر قانونی ہڑتال پر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے درجنوں عہدیداروں کی معطلی اور برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ 60 سے زائد ینگ ڈاکٹروں کے تبادلے کردیئے گئے ہیں، ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ اب حکومت اور مریض تنگ ہوں گے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹروں کی جانب سے غیر قانونی ہڑتال پر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے درجنوں عہدیداروں کو معطل اور برطرف کردیا ہے جبکہ 60 سے زائد ینگ ڈاکٹروں کے تبادلے بھی کردیے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی معطلی، برطرفی اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہڑتالیں اور احتجاج ڈاکٹروں کا منصب نہیں، آئندہ جو ہڑتال کرے گا وہ گھر جائے گا۔ معطلی، برطرفی اور تبادلوں کے نوٹیفکیشن کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلالیا۔ ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ پیار کا جواب ڈنڈے سے مل رہا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ اب حکومت اور مریض تنگ ہوں گے۔