Time 22 اگست ، 2023
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت جمعرات تک ملتوی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان  کی سزا کے خلاف اپیل اور ضمانت پر  رہائی کی درخواست کی سماعت جمعرات (24 اگست) تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل اور  سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مصدقہ ریکارڈ کی فراہمی کے لیے 2 ہفتےکا وقت مانگا، چیئرمین پی ٹی آئی کے  وکلا نے مخالفت کی۔

لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نےکہا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے آج جواب طلب کیا تھا،  ٹرائل کورٹ کو کیس سننےکا اختیار  نہیں تھا، سزا غیرقانونی ہے جس نے چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع تک ختم کر دیا،کوئی رعایت نہیں، بنیادی حق چاہیے، استدعا ہے آج ہی سزا معطلی کی درخواست منظور کی جائے۔

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز  نےکہا کہ تیاری کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔

چیف جسٹس نےکہا کہ ‏ہم نہ کھوسہ صاحب کی بات مانتے ہیں نہ آپ کی، ایک دن کا وقت دے رہے ہیں۔

عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن کو ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :