Time 05 اگست ، 2023
پاکستان

توشہ خانہ کیس: عمران کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف تیسری بار سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل جج نے فیصلہ دےکردرخواست گزارکے بنیادی حقوق سلب کیے، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دے: درخواست میں استدعا۔ فوٹو فائل
اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل جج نے فیصلہ دےکردرخواست گزارکے بنیادی حقوق سلب کیے، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دے: درخواست میں استدعا۔ فوٹو فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توشہ خانہ کیس سے متعلق تیسری بار  اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 4 اگست کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹرائل کیس کے جج کی جانبداری کےخلاف درخواست کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نےکیس قابل سماعت ہونے کا معاملہ واپس اسی جج کو بھیج دیا، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کرنے والے جج نے ناقص اور سرسری طریقے سے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ہمایوں دلاور کو کیس واپس بھیج کر قانونی غلطی کی ہے، کیس قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرنے والا جج دوبارہ آزادانہ طور پر کیسے سن سکتا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل جج نے فیصلہ دےکردرخواست گزارکے بنیادی حقوق سلب کیے۔

اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے توشہ خانہ ٹرائل پر حکم امتناع دینے کی بھی استدعا کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں درخواستوں پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی جبکہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :