23 فروری ، 2012
اسلام آباد … ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو طارق پوری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے قطر کو خوراک اور دیگر مصنوعات کے بدلے پیٹرولیم مصنوعات کی تجارت کی پیش کش کی ہے۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان طارق پوری نے بتایا کہ پاکستان نے قطر کو خوراک اور دیگر مصنوعات کے بدلے پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیشکش قطر کے وزیر توانائی ڈاکٹر محمد بن صالح الصاد کے دورہ پاکستان کے دوران کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان قطر کو چاول، پھل، سبزیاں، سیمنٹ اور ٹیکسٹائل برآمد کر سکتا ہے جبکہ قطر پاکستانی برآمدات کے بدلے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات دے سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے قطر میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نومبر میں دوحا میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش منعقد کرے گا۔