25 اگست ، 2023
لاہور میں اسٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کے الزام پر حکومت پنجاب نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئےلاہور ڈویژن کے تمام تھیٹرز کو سیل کر دیا۔
گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے لاہور کے الحمرا ہال میں کمرشل اسٹیج ڈراموں پر بھی پابندی لگا دی تھی۔
نگران صوبائی وزيراطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اسٹیج ڈراموں کےنام پر فحش ڈانس کرانے اور عریانی پھیلانے پر کیا گیا ہے۔
بعد ازاں عامر میر کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے اسٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کرنے والی 18 ڈانسرز پر صوبے بھر میں پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
شو کاز ہونے والی ڈانسرز میں مہک بٹ، کومل چوہدری، قسمت شہزادی، روشانی خان، نایاب خان، شیلا چوہدری، ایان اختر، سونو بٹ، ندا چوہدری، خوشبو خان، کاجل چوہدری، سارہ خان، تبسم خان، ماہ نور، جیا بٹ، حرا ڈوگر، وفا علی اور لائبہ جٹی شامل ہیں۔
تاہم اب لاہور میں اسٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کے الزام پر حکومت پنجاب نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئےلاہور ڈویژن کے تمام تھیٹرز کو سیل کر دیا۔
تھیٹرز اور اسٹیج ڈراموں کو مانیٹر کرنے کی ذمہ داری آرٹس کونسل کو سونپی گئی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ بے ہودگی،فحاشی اور عریانی کا عنصر نظر آنے پر تھیٹر کو سیل کر دیا جائے گا اور پروڈیوسر کو بلیک لسٹ جبکہ ڈانسرز پر پابندی لگائی جائے گی۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کے مطابق تھیٹر مالکان بھی فحش تھیٹرز کو فروغ دینےمیں ملوث ہیں۔