Time 26 اگست ، 2023
پاکستان

پاکستان کا ڈنمارک کیجانب سے قرآن کی بے حرمتی پر پابندی کے مجوزہ بل کا خیرمقدم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے ڈنمارک حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کے  بل کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہےکہ بل قرآن پاک اور  دیگر  آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے گا جو کہ اس جانب  درست سمت میں قدم ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہےکہ مقدس کتابوں کی بے حرمتی اور  جلانا مذہبی منافرت کا سنگین عمل ہے، آزادی اظہار  رائے اور  احتجاج کی آڑ  میں مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

خیال رہےکہ ڈنمارک کی وزارت انصاف نے قرآن مجید سمیت آسمانی کتابوں کی بے حرمتی پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کرنےکا اعلان کیا ہے۔

ڈنمارک کے وزیر انصاف پیٹر ہملگارڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ اہم مذہبی اہمیت کی چیزوں سے نامناسب سلوک پر پابندی کا بل پیش کریں گے، جس کا مقصد خاص طور پر عوامی مقامات پر مذہبی چیزوں کی بے حرمتی روکنا ہے۔

وزیر انصاف کا کہنا تھا کہ آسمانی کتب کی بے حرمتی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ اور  2 سال قید کا سامنا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :