23 فروری ، 2012
اسلام آباد … مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کو قرض کی مد میں 41 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط 24 فروری کو ادا کرے گا، جون تک آئی ایم ایف کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ادا کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں مشکل معاشی فیصلے ضرور کیے لیکن اس سے معیشت بہتر ہوئی، اگر بیرونی ادائیگیوں کا بحران آیا تو پاکستان آئی ایم ایف سے دوبارہ رابطہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں صرف عوام کیلئے نہیں بلکہ حکومت کیلئے بھی پریشان کن ہیں۔ پیٹرولیم لیوی سے 120 ارب حاصل ہونا تھے لیکن صرف 31 ارب روپے مل سکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محصولات کا صرف 30 فیصد وفاق کے پاس آتا ہے آمدنی کا 70 فیصد صوبے این ایف سی اور دیگر فنڈز میں حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے معاملے پر سیاسی دباوٴ رہا تاہم وہ پارلے منٹ کے فیصلوں کی قدر کرتے ہیں۔