27 اگست ، 2023
ملک میں جاری بجلی کے بحران کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
کراچی میں ہونے والے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں کمیٹی نے ملک بھر میں اسٹیڈیموں کیلئے شمسی توانائی سے بجلی حاصل کرنے کی منظوری دے دی۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق اسٹیڈیمون کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی بچانے کیلئے کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پی سی بی سولر پینلز کی تنصیب کیلئے اسٹیڈیمز کا سروے کرے گا، جہاں جہاں پینل کی تنصیب ممکن ہوئی وہاں یہ سسٹم لگایا جائے گا۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور اور بعد میں دیگر اسٹیڈیمز میں سولر پینلز لگائے جائیں گے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ فلڈ لائٹس کا سسٹم بھی سولر انرجی پر منتقل کرنے کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے مالی سال 2023-24 کیلئے بجیٹ کے علاوہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور ویل چیئر کرکٹ کیلئے خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی تھی جبکہ ملک کے مختلف اسٹیڈیموں میں شائقین کرکٹ کیلئے آرام دہ نشستیں لگانے اور کرسیوں کی مرمت کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔