Time 05 ستمبر ، 2023
پاکستان

کراچی:خواتین اساتذہ سے پرنسپل کی زیادتی کا کیس، متاثرہ ٹیچر نے پولیس سے رابطہ کرلیا

مقدمے کی تفتیش اعلیٰ سطح کی کمیٹی کررہی ہے، کچھ مزید ملزمان سے متعلق بھی معلومات ملی ہیں: تفتیشی افسر/ اسکرین گریب
مقدمے کی تفتیش اعلیٰ سطح کی کمیٹی کررہی ہے، کچھ مزید ملزمان سے متعلق بھی معلومات ملی ہیں: تفتیشی افسر/ اسکرین گریب

کراچی: گلشن حدید میں نجی اسکول کے پرنسپل کی خواتین ٹیچر سے مبینہ زیادتی کے کیس میں ایک متاثرہ ٹیچر نے پولیس سے رابطہ کرلیا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر نے تصدیق کی کہ  ایک متاثرہ خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا  جس کے بعد خاتون کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تفتیش اعلیٰ سطح کی کمیٹی کررہی ہے، کچھ مزید ملزمان سے متعلق بھی معلومات ملی ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر کچھ کارروائیاں کی ہیں۔

پولیس حکام کا بتانا ہےکہ تفتیش میں مزید دو افراد کے نام سامنے آئے ہیں جن کے پاس ڈی وی آر اور ویڈیوز موجود ہیں، دونوں ملزمان کو آج رات تک گرفتار کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر نذیر ابڑو نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ محکمہ تعلیم کے خط کے بعد اسکول کو سیل کردیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ بھی واقعے کی انکوائری کرے گی،  بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے محکمہ تعلیم سے رابطہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن حدید میں نجی اسکول کے پرنسپل کو زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر حسن سردار کے مطابق ملزم کے دفتر سے ملنے والی زیادتی کی 25 ویڈیوز برآمد کرلی گئیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ملزم کے دفتر میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 خواتین کی نشاندہی کر لی گئی جبکہ متاثرہ خواتین سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی۔

مزید خبریں :