Time 07 ستمبر ، 2023
کھیل

سابق انگلش کپتان کے ٹیسٹ رنز اور ان کی تاریخ پیدائش میں حیران کن اتفاق

فوٹو: الیک اسٹیورٹ فائل
فوٹو: الیک اسٹیورٹ فائل 

انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیک اسٹیورٹ کے ٹیسٹ رنز اور ان کی تاریخ پیدائش میں حیران کن اتفاق ہے جو شاید بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے 1989 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور 1990 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر الیک اسٹیورٹ کو انگلش ٹیم کا بہترین وکٹ کیپر سمجھا جاتا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ الیک اسٹیورٹ نے تقریباً 14 سال تک انگلینڈ کی جانب سے شاندار کرکٹ کھیلی۔

سابق انگلش وکٹ کیپر بیٹر نے اس عرصے میں 133 ٹیسٹ اور 170 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ 

کیا آپ جانتے ہیں الیک اسٹیورٹ کے ٹیسٹ رنز اور ان کی تاریخ پیدائش میں حیران کن طور پر مماثلت ہے؟ جس پر شاید کبھی کسی نے زیادہ غور نہیں کیا۔

آج ہم آپ کو اس حیران کن اتفاق کے بارے میں بتاتے ہیں۔

الیک اسٹیورٹ کی تاریخ پیدائش 8 اپریل 1963ہے جبکہ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 8 ہزار 463 رنز اسکور کیے۔ 

اگر اب ہم ان کی تاریخ پیدائش 8 اپریل 1963 کو  عام انداز میں ہندسوں میں لکھیں تو وہ کچھ یوں63-4-8 (8 تاریخ، اپریل جوکہ سال کا چوتھا مہینہ ہوتا ہے جبکہ 63 ان کی پیدائش کا سال ہے) لکھی جائے گی  جبکہ ان کے ٹیسٹ اسکور8463 کو بھی لکھا جائے تو دونوں میں آپ کو مماثلت نظر آجائے گی۔

تاریخ پیدائش(63-4-8)، ٹیسٹ رنز( 8463)۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیک اسٹیورٹ نے 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

مزید خبریں :