08 ستمبر ، 2023
سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں گرمیوں میں ایک دو گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو جائے تو کوئی حرج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں 30 سے 31 ہزار میگاواٹ طلب ہوتی ہے جو سردیوں میں 12 ہزار میگاواٹ رہ جاتی ہے، طلب میں کمی کی وجہ سے آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز دینا پڑتے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے 5 ہزار کا نوٹ بند کرنے کی بھی مخالفت کی، ان کا کہنا تھا کہ 5 ہزار کا نوٹ بند کیا گیا تو لوگ مزید ڈالر خریدیں گے۔ ایرانی تیل اور ڈیزل کی اسمگلنگ کو روکنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پرگروام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے معاشی ماہر شبر زیدی نے 5 ہزار کا نوٹ، منی چینچروں کی دکانیں اور امیر علاقوں میں گیس کنکشن بند کرنے کا مطالبہ کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر اس لیے نیچے آیا کیونکہ پشاور کا کرنسی ایکسچینج بازار بند ہو گیا، ایکسچینج کمپنیاں بند کر کے ذخیرہ کیے ہوئے ڈالر بیکار بنا دینا چاہیے اور اپر مڈل اور مڈل کلاس کے گیس کنکشن کاٹ دینے چاہیے، انہیں کہیں کہ سلنڈر کی گیس استعمال کریں۔