09 ستمبر ، 2023
وفاقی وزارت قانون اور دیگر فریقین نے سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کالعدم قرار دینےکے سپریم کورٹ کے فیصلےکےخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں عدالت عظمٰی سے 11 اگست کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔
نظرثانی درخواست میں اضافی دستاویزات کے لیے 15 روز کی مہلت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے اضافی دستاویزات کے لیے 15 روز کا وقت دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 11 اگست کو ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کالعدم قرار دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں ریویو ایکٹ کو پارلیمان کی قانون سازی کے اختیار سے تجاوز قرار دیا تھا۔
واضح رہےکہ ریویو ایکٹ میں آرٹیکل 184(3) کے مقدمات کے فیصلےکے خلاف متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد 26 مئی کو صدر مملکت نے ایکٹ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد سپریم کورٹ ریویو ایکٹ کا اطلاق 29 مئی سے ہوا۔
سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کی 7 شقیں ہیں۔