11 ستمبر ، 2023
مظفرگڑھ: امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ مولانا کا گورنر بنا تو وہ مہنگائی بھول گئے ہیں۔
مظفر گڑھ میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اگر قوم کی بات نہ سنی گئی تو شٹر ڈاؤن ہڑتال یا اسلام آباد میں دھرنا ہوگا، عوام مایوس نہ ہوں،جماعت اسلامی امید کی شمع ہے۔
کسی ایم این اے اور ایم پی اے کے میٹر نہیں اتار سکتے: سراج الحق
سراج الحق نے کہا کہ میری لڑائی ملک میں کرپشن، جہالت، مہنگائی ، بےروزگاری کے خلاف ہے، جنوبی پنجاب جاگتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت ان کی مخالفت نہیں کرسکتی،اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری کی آگ لگی ہوئی ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹیں ختم ہوگئی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج گھر چلانا، بچوں کو پڑھانا اوربیمار والدین کاعلاج مشکل ہے، وزیراعظم کہتے ہیں آئی ایم ایف سے بجلی کے بل قسطوں میں لینےکی اجازت لیں گے، کسی ایم این اے اور ایم پی اے کے میٹر نہیں اتار سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی کے خلاف دھرنا دیا تھا، جے یو آئی کا گورنربنا تو مولانافضل الرحمان مہنگائی کوبھول گئے، شہبازشریف، نوازشریف، آصف زرداری بھی اپنےآپ کو احتساب کےلیے پیش کریں۔