26 جنوری ، 2025
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جارہا ہے۔
امریکا میں میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کو پروپیگنڈا کرکے غلط رنگ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد امریکا کے سیاست دانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر پلان بنانا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی نہیں یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے ، پاکستان کے خلاف جو بھی ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکی ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جارہا ہے، سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کا نقصان ہو۔
خیال رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے کئی کانگریس ارکان سے ملاقاتیں کیں۔