08 جنوری ، 2013
واشنگٹن…متحدہ قومی موومنٹ نارتھ امریکہ کے نگران اعلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور قائد تحریک الطاف حسین کا فکر و فلسفہ اور ان کی جدوجہد پاکستان میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نیویارک میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے محض جاگیردارانہ اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف بات ہی نہیں کی بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیج کر انقلاب کی بنیاد فراہم کی،انھوں نے پاکستان کے موجودہ حالات ، لانگ مارچ اور ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر روشنی ڈالی،اور کہا کہ آج پاکستان کی سرحدوں پر منڈلاتے خطرات سے زیادہ غربت، جہالت، بے روزگاری ، معاشی بد حالی اور بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ، آج پاکستان کو طالبانائزیشن کی شکل میں اندرونی دشمن کا سامنا ہے جو پاکستان کے لئے سیکورٹی رسک بن چکا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان پر 65 برسوں سے مسلط فرسودہ نظام نے پاکستانی قوم اور ریاست کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کیا ہے اور اب عوامی خواہشات کے عین مطابق نظام کی تبدیلی ہی پاکستان کی قسمت کو تبدیل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ نظام کے سہارے مزید کھڑا نہیں رہ سکتا اور متحدہ قومی موومنٹ، حقیقی جمہوریت کو متعارف کرا کر پاکستان کو بچانا چاہتی ہے۔ 14جنوری کا لانگ مارچ ، پاکستان میں 98% فیصد عوام کا حق حکمرانی بحال کرانے کے لئے ہے اور اس سے جمہوریت کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو ایسی عوامی قیادت کی ضرورت ہے جو بر وقت ، دورس اور فیصلہ کن اقدامات سے پاکستان کو تعمیر اور ترقی کے راستے پر ڈال سکے اور ایم کیو ایم ہر اس سیاسی جماعت کی حمایت کرے گی جو ملک کو کرپشن میں ڈوبے سیاسی نطام سے نجات دلانے کے لئے آواز بلند کرے گی۔ اس موقع پر کارکنان نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے سوالات بھی کئے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ایم کیو ایم امریکہ اور کینیڈا کے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔