12 ستمبر ، 2023
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیرکا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اسلام آباد کی عدالت نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں ایف آئی اے نے علی وزیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شبیربھٹی کی عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ علی وزیر کے موبائل، لیپ ٹاپ کا فارنزک درکار ہے جس کے لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے علی وزیر کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت نے علی وزیر کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔
عدالت نے علی وزیر کو 15 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔