Time 14 ستمبر ، 2023
پاکستان

الیکشن کی تاریخ کون دےگا یہ اہم نہیں، اہم یہ ہےکہ الیکشن جلد از جلد ہوں: شازیہ مری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہےکہ  الیکشن کی تاریخ کون دےگا یہ بات اہم نہیں، اہم بات یہ ہےکہ الیکشن جلد از جلد ہوں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے ۔

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری اوربلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس کےبعد میڈیا بریفنگ میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے تاریخ کون دیتا ہے یہ  پیپلز پارٹی کی بحث نہیں ہمارے لیے معیشت بھی ضروری ہے اور الیکشن  بھی، حلقہ  بندیاں اگر ضروری ہیں تو الیکشن کی تاریخ کا بھی اعلان ہونا چاہیے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ تجویز کرکے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جو چاہے الزام تراشی کرے ، یہ فیصلہ پارٹی کرے گی کہ ان کے ساتھ کیسے ڈیل کرنا ہے، ہم کسی صوبے میں کم زور نہیں، ہمیں دیوار  سے لگانےکی کوشش کی جا رہی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت پر تحفظات ہیں، دیگر صوبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں مگر سندھ میں ان پر  پابندی عائد کردی گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا  تھا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ مصروفیات کےباعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے، لطیف کھوسہ کو شوکاز جاری کیا گیا ہے، پارٹی سے نہیں نکالا گیا، سی ای سی کا اجلاس جمعےکو بھی ہوگا۔

مزید خبریں :