09 جنوری ، 2013
اسلام آباد … الیکشن کمیشن فوج کی مدد سے کراچی میں گھر گھر ووٹرز کی تصدیق کا عمل کل سے شروع کرے گا، 68 لاکھ ووٹرز کی تصدیق کیلئے 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے رہا ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ووٹرز کی تصدیق کے عمل کیلئے فوج کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق کراچی میں گھر گھر ووٹر فہرستوں کی تصدیق کا سلسلہ کل سے شروع ہورہا ہے، پہلے مرحلے میں شماریاتی بلاک کے ہر گھرانے کی تصدیق کی جائے گی جس کے بعد ووٹرز کی تصدیق ہوگی۔ ووٹرز تصدیقی فارم میں گھرانہ نمبر، سربراہ کا نام، مکمل پتہ، شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کی تعداد درج کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ووٹر ذاتی طور پر یا اہل خانہ میں سے کوئی بھی فرد ووٹرز کی تصدیق کرسکتا ہے۔ رجسٹریشن آفیسر تصدیقی عمل اور ریکارڈ مرتب کرانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انتخابی فہرستوں کی تصدیق فوج اور ایف سی کی نگرانی میں جائے گی، روزانہ کی تصدیقی کارروائی کی رپورٹ متعلقہ ضلعی الیکشن افسران کو جمع کرائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے فوج کو شماریاتی بلاکس کی مکمل تفصیل اور نقشے مہیا کردیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق فوج اور تمام فورسز الیکشن کمیشن کے عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی جبکہ تصدیق کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہوگی۔ 15 جنوری سے یکم فروری تک ووٹرز کی تصدیق ہوگی، یکم فروری سے 8فروری تک الیکشن کمیشن ریکارڈ مرتب کرے گا، 4 سے 22 فروری تک نادرا ریکارڈ کی تصدیق کرکے دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھیجے گا۔ اس سارے عمل میں کراچی کے 68 لاکھ سے زائد ووٹرز کی تصدیق کی جائے گی۔