09 جنوری ، 2013
اسلام آباد … حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نوٹی فکیشن کیخلاف نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو پہلے صدارتی ریفرنس کا فیصلہ کرنا چاہئے تھا۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں صدارتی ریفرنس پر رائے کو ملتوی نہیں کیا جانا چاہئے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کے 21 دسمبر کے فیصلہ پر نظرثانی کی جائے۔ جوڈیشل کمیشن اور ججز تقرر پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو مستقل اور جسٹس نور الحق قریشی کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی تھی۔ نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کے خلاف ندیم احمد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے ان کے نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔