پاکستان
09 جنوری ، 2013

شاہ زیب قتل کیس: گرفتار 3 ملزمان شناخت، سکندر جتوئی نے ضمانت کرالی

شاہ زیب قتل کیس: گرفتار 3 ملزمان شناخت، سکندر جتوئی نے ضمانت کرالی

کراچی … شاہ زیب قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو شناختی پریڈ کے دوران شناخت کرلیا گیا، گواہ نے عدالت کو بتایا کہ شاہ زیب پر سراج تالپور نے فائرنگ کی جبکہ لاہورہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں شاہ زیب قتل کیس میں گرفتار ملزمان سراج تالپور ، سجاد تالپور اور ملازم غلام مرتضیٰ لاشاری کو شاختی پریڈ کیلئے پولیس کی سخت نگرانی میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کو بکتر بند گاڑی میں چہرے پر کپڑا ڈال کر لایا گیا۔ تفتیشی افسر مبین کے مطابق عینی شاہد نے عدالت میں دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ملزم سرا ج تالپور نے مقتول شاہ زیب پر گولیاں چلائیں اور ملز م سجاد تالپور نے سراج تالپور سے چیخ کر کہا شاہ زیب زندہ ہے اسے اور گولیاں مارو۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ گواہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملزم غلام مرتضیٰ لاشاری نے بھی بلند آواز میں کہا کہ شاہ زیب ابھی زندہ ہے اور مارو۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت میں سکندر جتوئی کی طرف سے موٴقف اپنایا گیا کہ وہ سپریم کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں، لیکن انہیں خدشہ ہے کہ پولیس انہیں گرفتار کرلے گی۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔

مزید خبریں :