09 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن التواء میں ڈالنے کیلئے لانگ مارچ کا ناٹک رچایا جا رہا ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ بغل میں لیٹروں اور چوروں کو بٹھا کر کون سا انقلاب برپا کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہاکہ ملک کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن درآمدہ عناصر صرف انتشار کا ایجنڈا لیکر آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب کے نعرے کے پیچھے انتشار نظر آرہا ہے، عام انتخابات کا التواء ملک کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم امپورٹڈ عناصر کے عزائم ناکام بنادے گی اور جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔