19 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور کپتان بابر اعظم کے درمیان زبانی تکرار کے حوالے سے گردش کرتیں تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔
ایشیا کپ میں سری لنکا سے سیمی فائنل کا درجہ اختیار کر لینے والے میچ میں شکست کے بعد میڈیا میں خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ڈریسنگ روم میں زبردست زبانی تکرار ہوئی۔
ان رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بابر اعظم نے کچھ سینیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، شاہین شاہ آفریدی نے بابر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف کریں جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
مبینہ طور پر اس بات پر محمد رضوان نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
نجی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق جب اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سینیئر کھلاڑی سے پوچھا گیا تو انہوں نے ان افواہوں کی تردید کر تے ہوئے کہا تھا کہ 'ٹیم کی واحد توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی فکر نہیں ہے'۔
تاہم اب شاہین آفریدی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا جس کے بعد کپتان بابر کے ساتھ ان کی کسی قسم کی لفظی تکرار کی افواہیں دم توڑ گئیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے ساتھ تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے "فیملی" کا کیپشن درج کیا ہے۔
اس کے علاوہ قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کیپشن کے ساتھ دل کا ایموجی بھی بنایا۔