20 ستمبر ، 2023
دنیا کے5 اہم ممالک کا انٹیلی جنس اتحاد بھارت کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر آ گیا، امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی نجر قتل کیس میں کینیڈا کی جانب سے تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کردی۔
پانچوں ممالک نے نجر کو قتل کرنے کے الزامات انتہائی سنجیدہ قراردیے ہیں اور آسٹریلیا نے نجر قتل کیس میں تشویش سے بھارت کواعلیٰ سطح پر آگاہ کردیا ہے۔
آسٹریلوی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان الزامات پر آسٹریلیا کو گہری تشویش ہے اور تحقیقات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کے مطابق آسٹریلیا سمجھتا ہے کہ تمام ممالک کو دوسروں کی خودمختاری اورقانون کی بالادستی کا احترام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اس ضمن میں شراکت داروں سے رابطے میں ہے اور بھارت کو اپنی تشویش سے سینیئرسطح پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پانچوں ممالک نے جی ٹوئنٹی اجلاس سے پہلے ہی یہ معاملہ بھارت کے سامنے اٹھا دیا تھا۔
جبکہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں کینیڈا نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے کینیڈا میں سربراہ پون کمار رائے کو ملک بدر کردیا ہے۔