پاکستان
10 جنوری ، 2013

لانگ مارچ : گرم لباس سے بھرے کنٹینرز پاکستان روانہ، ایم کیو ایم

لانگ مارچ : گرم لباس سے بھرے کنٹینرز پاکستان روانہ، ایم کیو ایم

واشنگٹن…متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی جانب سے 14جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کے شرکاء کے لئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی اپیل پر سردی اور بارش سے بچاؤ کے لئے گرم کپڑوں اور کمبلوں سے بھرے کنٹینرز پاکستان روانہ کر دئیے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکاء کو سخت سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری طور پر دو کنٹینرز بھجوائے گئے ہیں جس میں بہت بڑی تعداد میں گرم کپڑے ، کمبل،گرم ٹوپیاں، چھتری اور برساتیاں شامل ہیں ۔ امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں میں لانگ مارچ کے لئے نقد عطیات اور ضروری امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے جاری مہم میں ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنان ، ہمدرد اور رضا کار دن رات شریک ہیں جو پاکستانی کمیونٹی سے رابطے کر کے لانگ مارچ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کر رہے ہیں۔امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی کمیونٹی کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جہاں لانگ مارچ کے حوالے سے فنڈ ریزنگ کا سلسہ بھی جاری ہے۔دریں اثنا لانگ مارچ کے لئے امریکہ میں جاری مہم کا جائزہ لینے کے لئے ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عباد الرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین ارشاد کمالی، توصیف خان، وسیم زیدی، ثاقب محی الدین، علی حسن، عامر قاضی، گل محمد، محمد ظہیر، وکیل جمالی، اسد صدیقی نے شرکت کی۔ نگران ایم کیو ایم نارتھ امریکہ عباد الرحمان نے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے ایم کیو ایم امریکہ کے کارکنان کی انتھک محنت اور لگن پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام چیپٹرز کا دورہ کریں اور وہاں جاری مہم کا خود جائزہ لیں ۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقت، دھونس اور دھمکی سے اب عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 14جنوری پاکستان کے عوام کا دن ہے اور اس دن ظالمانہ نظام کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوگا۔آخر میں اجلاس کے شرکاء نے لانگ مارچ اور پاکستان میں انقلاب کی کامیابی کے لئے دعاء کی۔

مزید خبریں :