09 جنوری ، 2013
کراچی …شکیل یامین کانگا… ملک میں ٹینس کے فروغ کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے صُبح نو کے زیراہتمام ٹینس کپ کا آغاز 19 جنوری سے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔ صبح نو کی چیئر پرسن شاہدہ کوثر فاروق نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ صبح نو نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے 2013 کا آغاز ٹینس کیلئے شاندار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور سال کے آغاز کے ساتھ ہی اپنا پہلا ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس ایونٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کو کھیل میں بہتری کا موقع ملے گا۔ ہماری شروع ہی سے یہ کوشش رہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹینس کے مقابلے فراہم کریں تاکہ وہ ملکی اور انٹرنیشنل ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ ہمارا پاکستان ٹینس فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں، ہم اپنی مدد آپ کے تحت ملک میں ٹینس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں جسے فیڈریشن میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو سراہانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑی مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز، بوائز جونیئرز انڈر18 اور بوائز جونیئرز انڈر14کی کیٹیگریز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 75 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑی اپنی انٹریز محمدعبدالسعید یا صبح نو کے دفتر میں رابطہ کرکے جمع کرواسکتے ہیں۔ انٹریز بھیجنے کی آخری تاریخ 17 جنوری ہے جبکہ ڈراز 18 جنوری کو نکالے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے فائنلز 24 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔