10 جنوری ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 65برس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہریوں کو واہگہ اٹاری چیک پوسٹ پر ویزے کا اجراء 15جنوری سے شروع ہو جائے گا۔ لیکن اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کو پنجاب،کیرالہ اور جموں و کشمیر میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ کچھ علاقے ممنوعہ قرار دیئے گئے ہیں ، پاکستانیوں کو راجھستان ، مانی پور،سیکم،اترآنچل ،ناگا لینڈ، ہماچل پردیش اور دیگر علاقوں میں بھی جانے پر پابندی ہوگی۔امرتسر کو صرف ٹرانزٹ پوائنٹ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ویزے کی مدت45دن ہوگی۔ 65برس سے زیادہ عمر کے پاکستانیوں کو ایک سال میں دو بار اور پانچ مقامات پر جانے کی اجاز ت ہوگی، سال میں دو بار جانے والوں کے لیے یہ شرط بھی ہوگی کہ ان کے دورے میں دو ماہ کاوقفہ ہو۔حکام کے مطابق یہ لوگ پیدل چلتے ہوئے سرحد پار کریں گے،یہ ویزے فضائی اور بحری سفر کے لئے قابل عمل نہیں ہوں گے اور ویزہ فیس ایک سو بھارتی روپے( دو امریکی ڈالر ) ہوگی۔دونوں ممالک کی طرف سے اٹاری چیک پوسٹ پر سہولت فراہم کیے جانے کے امکانات ہیں۔آج کل اٹاری واہگہ چیک پوسٹ پر ایک سو افراد یومیہ پیدل سرحد پار کرتے ہیں،نئے طریقہ کار کے مطابق اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔1974 کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے ویزا نظام میں سب سے یہ بڑی انقلابی تبدیلی ہوگی۔جس سے بزنس مینوں کے لئے ویزے میں آسانیاں فراہم کی جانے کا امکان ہے، گروپ ٹورزم کو بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔