Time 26 ستمبر ، 2023
پاکستان

راولپنڈی پولیس کو ایک ہفتے میں شیخ رشید سے متعلق رپورٹ دینے کی ہدایت

شیخ رشید ہمارےپاس نہیں اورجہاں سےحراست میں لیاگیا وہ بھی ہماری حدود نہیں: آر پی او راولپنڈی کا عدالت میں جواب/ فائل فوٹو
شیخ رشید ہمارےپاس نہیں اورجہاں سےحراست میں لیاگیا وہ بھی ہماری حدود نہیں: آر پی او راولپنڈی کا عدالت میں جواب/ فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پنڈی پولیس کو شیخ رشید سے متعلق ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

 عدالت نے پوچھا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیشرفت ہے؟ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے جواب دیا کہ شیخ رشید ہمارےپاس نہیں اورجہاں سےحراست میں لیاگیا وہ بھی ہماری حدود نہیں۔

آر پی او کے جواب پر عدالت نے کہا کیا آپ لکھ کر دینےکو تیار ہیں شیخ رشید آپ کے پاس نہیں؟ اگرکل کو شیخ رشید راولپنڈی سے برآمد ہوا تو آپ کے خلاف کیس چلے گا تاہم آر پی او راولپنڈی نے عدالت سے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

عدالت نے کہا کہ ایک ہفتے کےاندر شیخ رشید اور اس کے ساتھ گرفتار 2 دیگر اشخاص سے متعلق آگاہ کریں، آرپی اوصاحب امید ہے آپ شیخ رشید سے متعلق اچھی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتارکیا ہے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔

مزید خبریں :