Time 02 اکتوبر ، 2023
پاکستان

وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ترکیہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت

دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں:پاکستانی رہنماؤں کا اظہار خیال—فوٹو: انٹرنیٹ
دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں:پاکستانی رہنماؤں کا اظہار خیال—فوٹو: انٹرنیٹ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، سابق وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ترکیہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کردی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں ترکیہ کے دارالخلافہ انقرہ میں وزارت داخلہ کی عمارت پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے ترکیہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں دہشتگردی کے چیلنج پرجلد قابو پالے گا۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ ترکیہ میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے کون ہے؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک اور بیان میں شہباز شریف نے  میانوالی میں دہشتگرد حملوں کی بھی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کی بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ترکیہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو  زرداری کا کہنا تھا کہ انقرہ میں دہشتگردی کا واقعہ تشویشناک ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہم اپنے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن اور برداشت کو فروغ دے کر، مل کر  ہم دہشتگردی کی اس بربریت کا  مقابلہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :