14 اکتوبر ، 2023
نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ بھی آئی سی سی ورلڈکپ میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے بڑے پرجوش ہیں۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا آغاز ڈیڑھ بجے ہو گا اور میچ سے قبل ایک تقریب کا اہتمام بھی رکھاگیا ہے جس میں نامور بھارتی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف بھی گزشتہ روز بھارت پہنچے تھے جہاں انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں بھارت کے خلاف بے خوف ہو کر کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔
پاک بھارت میچ کے حوالے سے جہاں دنیا بھر کے شائقین پرجوش ہیں وہیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی دنیائے کرکٹ کے بڑے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا آج بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید لکھا کہ آپ لوگ عزم، مہارت اور ہمت نہ ہارنے کے غیر متزلزل جذبے کے ساتھ کھیلیں جس کے لیے آپ جانے جاتے ہیں، پوری قوم آپ کا حوصلہ بڑھانے کے لیے آپ کے پیچھے کھڑی ہے، اسے گھر لے آئیں۔