15 اکتوبر ، 2023
ایڑی میں تکلیف کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔
درحقیقت یہ پیروں کا سب سے عام مسئلہ تصور کیا جاتا ہے جس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔
کئی بار کیلشیئم کا اجتماع ایڑی کی تکلیف کا باعث بنتا ہے، کئی بار ورم بڑھنے سے ایسا ہوتا ہے۔
ایڑی میں تکلیف کے ساتھ سوجن اور ہڈی میں کمزوری جیسی پیچیدگیوں کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
اس کا علاج ممکن ہے اور ڈاکٹر تکلیف کی وجہ کو مدنظر رکھ کر علاج تجویز کرتے ہیں جیسے ورزش، ورم کش ادویات اور سرجری وغیرہ۔
مگر چند آسان طریقوں سے بھی اس تکلیف سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سیب کے سرکے کو جِلد اور معدے کے مسائل کے لیے عام استعمال کیا جاتا ہے اور ایڑی کی تکلیف میں کمی لانے کے لیے بھی یہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے گرم پانی سے بالٹی کو بھر کر اس پر سرکے کی کچھ مقدار کو شامل کریں اور متاثرہ پیر کو چند منٹ کے لیے اس میں بھگو دیں۔
اگر آپ ایڑی کی تکلیف میں فوری کمی لانا چاہتے ہیں تو آئس پیک سے مدد لے سکتے ہیں۔
آئس پیک کو چند منٹ کے لیے متاثرہ حصے پر رکھنے سے سوجن اور تکلیف میں نمایاں کمی آتی ہے۔
البتہ برف کو براہ راست ایڑی پر استعمال کرنے سے گریز کریں، آئس پیک کی مدد لیں یا تولیے میں لپیٹ کر استعمال کریں۔
روزمیری یا لیونڈر آئل سے متاثرہ پیر پر مالش سے ایڑی کی تکلیف میں کمی آسکتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ناریل کے تیل اور زیتون کے تیل کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے جس سے ایڑی کی تکلیف میں کمی آتی ہے۔
ناریل اور زیتون کا تیل ورم کش ہوتا ہے جبکہ ناریل کے تیل سے ایڑیاں نرم ہوتی ہیں جس سے بھی تکلیف میں کمی آتی ہے۔
بیکنگ سوڈا بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
آدھا چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا پانی میں ملا کر پیسٹ بنائیں اور اسے ایڑی پر لگائیں۔
السی کے تیل میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو ورم میں کمی لاتے ہیں۔
السی کے تیل کی کچھ مقدار کو پانی میں شامل کریں اور ایک تولیے کو اس محلول میں بھگو کر متاثر حصے پر لپیٹ دیں۔
اس تولیے کو ایک گھنٹے تک متاثرہ حصے پر رکھیں اور اس دوران چلنے پھرنے سے گریز کریں۔
اپسم نمک میں میگنیشم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کے لیے مفید ہوتی ہے۔
نمک کی کچھ مقدار کو پانی میں ملائیں اور متاثرہ پیر کو اس میں بھگو دیں۔
ہلدی، ادرک، زیرہ اور سرخ مرچ وغیرہ سے ورم میں کمی آتی ہے۔
ان غذاؤں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور پولی فینول مرکبات ورم میں کمی لاتے ہیں۔
ایک چائے کے چمچ ادرک کے سفوف، ہلدی یا سرخ مرچ کو گرم پانی میں ملائیں اور اس مشروب کو ایڑی میں تکلیف ہونے پر پی لیں۔
زیرے کو پانی میں ابال کر تکلیف ہونے پر پی لیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔