Time 19 اکتوبر ، 2023
پاکستان

پشاور: 8 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کے بعد جلانے والے ملزم کو تین بار سزائے موت کا حکم

پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے جنسی تشدد کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی/ فائل فوٹو
پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے جنسی تشدد کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی/ فائل فوٹو

پشاور: مقامی عدالت نے 8 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے اس کی لاش کو جلانے والے ملزم کو تین بار سزائے موت دینے کا حکم دے دیا۔

پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے جنسی تشدد کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف رضا عرف ملنگ نے 8 سالہ بچی کو جنسی تشدد کے بعد قتل کیا تھا،ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بھی جلائی دی تھی اور پھر  ملزم نے جلی ہوئی لاش قبرستان میں پھینک دی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ بڈھ بیر میں متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے عدالت میں چالان جمع کرادیا تھا۔

عدالت نے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اسے تین بار سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ 8 سالہ بچی کے قتل کا واقعہ 18 نومبر 2020 کو پیش آیا تھا، واقعے کے خلاف علاقے کے عوام نے کئی روز تک کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا تھا۔

مزید خبریں :