کھیل
Time 21 اکتوبر ، 2023

'ابھی زیادہ دیر نہیں ہوئی'، صہیب مقصود سمیت مداح ابرار کو ٹیم میں شامل کرنے کے خواہشمند

صہیب مقصود نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز کا استعمال کیا—فوٹو: فائل
صہیب مقصود نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز کا استعمال کیا—فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود نے اسپنر ابرار احمد کو پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کردی۔

ابرار احمد سمیت پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث ورلڈکپ اسکواڈ کے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو ٹیم میں اسی وقت آسکتے ہیں جب ٹیم میں موجود کوئی کھلاڑی انجرڈ ہوکے ورلڈکپ سے باہر ہوجائے۔

البتہ پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود نے ورلڈکپ میں آسٹریلیا سے 62 رنز کی شکست کے بعد ٹیم میں اسپنر ابرار احمد کو شامل کرنے کی التجا کی ہے۔

صہیب مقصود نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز کا استعمال کیا اور لکھا 'ابرار، برائے مہربانی ابھی بھی زیادہ تاخیر نہیں ہوئی'۔

قومی کرکٹر نے صاف الفاظ میں تو نہیں لکھا لیکن ان کی ٹوئٹ سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ ابرار کو ٹیم میں شامل کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

صہیب مقصود کی ٹوئٹ پر کئی صارفین نے جواب دیا جو ان کی بات سے متفق دکھائی دیے۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ 'کسے ڈراپ کرنا چاہیے؟' جب کہ ایک اور صارف نے کہا 'نواز کو ڈراپ کردیں'۔

ایک اور مصدقہ اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی اور کہا گیا کہ 'بغیر کسی کھلاڑی کی انجری کے، یہ ممکن کیسے ہے؟ ابرار کو اسکواڈ میں ہونا چاہیے تھا'۔

چارلی نامی اکاؤنٹ نے حقائق پر مبنی جواب دیا اور لکھا 'صہیب بھائی اب ابرار کو  ٹیم میں شامل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ ریزرو کھلاڑیوں میں ہیں، وہ صرف اس صورت میں ٹیم میں آسکتا ہے جب کوئی کھلاڑی انجرڈ ہو اور وہ ورلڈکپ سے باہر ہوجائے'۔

اسی صارف نے مزید کہا 'یہ پی سی بی کی غلطی تھی جس نے اسے ریزرو میں منتخب کیا، البتہ اگر وہ ٹیم میں ہوتا تو اسے بھی مشکل ہوتی، اسے بھی مسلسل ون ڈے کھیلنے کی ضرورت ہے لیکن پی سی بی دیگر کھلاڑیوں کو منتخب کرلیتا ہے، آپ کسی سے اس کے پہلے ہی میچ میں شاندار اور غیر معمولی کارکردگی کی امید نہیں رکھ سکتے'۔

اس کے علاوہ کچھ روز قبل حمزہ نامی صارف نے ٹوئٹ میں لکھا تھا 'کیا ابرار کو ریزرو میں سے ہٹا کر مین اسکواڈ میں شامل کرنے کا کوئی طریقہ ہے؟'


مزید خبریں :