22 اکتوبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر ان کے اپنے بھائی کی 16 ماہ کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جو اگست 2022 کے اعداد و شمار بتائے تب ان کے بھائی کی حکومت تھی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے ہونے والی زیادتیوں کے پیچھے میاں صاحب اور انکی جماعت ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، شفاف انتخابات کا انعقاد کریں، آئیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کا موقع دیا جائے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قومی مجرم کی وطن واپسی کیلئے آج ریاست نے قانون اور انصاف کو اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ قوم نے رجیم چینج سازش کو قبول نہیں کیا وہ لندن منصوبے اور اس کے اہداف بھی قبول نہیں کرے گی۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے وطن واپسی پر نواز شریف کو خوش آمدید کہا۔
پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو ویلکم کرتے ہیں لیکن وہ آئینی طریقے سے آتے تو بہتر تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر کر کے الیکشن ہوں تو حکومت کیسے کر پائیں گے، کب تک ہمیں جیلوں میں رکھیں گے آخر کار ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔