22 اکتوبر ، 2023
پاکستان کرکٹ کے اوپننگ بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں صرف ہمارے بولرز کو ہی مار نہیں پڑ ی بلکہ سب ٹیموں کے خلاف رنز ہو رہے ہیں۔
افغانستان سے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ جب 367 کا تعاقب کررہے ہوتے ہیں تو رسک لینا پڑتا ہے، 70 اور 80 کو سنچری میں تبدیل نہیں کر پارہا جس پر کوچ سے بات ہوئی ہے، مانتا ہوں کہ بڑی اننگز نہیں کھیل پارہے ہیں،ہم نے پچھلے 2 میچز اچھے نہیں کھیلے لیکن ہم نے تجزیہ کیا ہے کہ کیا غلطیاں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر شروع میں ہم محتاط اور مضبوط اسٹارٹ دیں تو 350 بھی ہوسکتا ہے، چوکے اور چھکے مارنے سے اہم ہے کہ ہم بطور ٹیم کیسا کررہے ہیں، صرف بیٹرز نہیں بلکہ بولرز کا بھی کردار اہم ہے،ہمیں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے، ٹورنامنٹ کے دوران ہم صرف پازیٹو پر فوکسڈ ہیں، منفی پہلوؤں کا نہیں سوچ رہے۔
امام الحق کاکہنا تھا کہ صرف ہمارے بولرز کو ہی مار نہیں پڑرہی، سب کے خلاف رنز ہو رہے ہیں، شاہین نے پچھلے میچ میں اچھی بولنگ کی، پلان پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، مینجمنٹ پلیئرز کو اعتماد دے رہی ہے، بیک ٹو بیک شکست پر مورال تو گرتا ہے مگر ہم ایک دوسرے کو بیک کررہے ہیں، چنئی کے 2 میچز ہمارے لیے اہم ہیں، کرکٹ ٹیم گیم ہے، پچھلے دونوں میچز میں ہمارا اسٹارٹ اچھا تھا مگر پھر لڑکھڑائے، کل آپ کو بہتر ٹیم نظر آئے گی، پر اعتماد ہیں کہ کل کا میچ جیت کر دوبارہ ٹریک پر آجائیں گے۔
افغانستان کے خلاف میچ کیلئے کی جانے والی تیاری پر امام الحق کا کہنا تھا کہ جو تیاری کرنا تھی وہ کرچکے، اب بس فائن ٹیون ہونا ہے،کتنے اسپنر ہوں گے یہ تو کپتان اور کوچ کا فیصلہ ہوگا، چنئی میں پاکستان کے اچھے ریکارڈ سے حوصلہ ملتا ہے لیکن ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، ہمبن ٹوٹا میں بھی اسپن فرینڈلی کنڈیشن میں افغانستان کو شکست دی۔