24 فروری ، 2012
اسلام آباد…وزرات صنعت نے بھارت کے ساتھ آزادنہ تجارت شروع کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور منفی اشیاء کی لسٹ کو پانچ سالوں میں ختم کرنے اور بھارت کی طرف سے نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے کو،آزادانہ تجارت سے مشروط کرنے کی تجویز وزرات تجارت کو دے دی ہے۔ وزرات صنعت کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ساتھ منفی لسٹ پروزرات صنعت اورمختلف صنعتوں کے تحفظات اور تجاویز کووزرات تجارت اور دیگر متعلقہ وزراتوں کو بھجوا دیا گیا ہے۔وزارت صنعت کے مطابق بھارت کے ساتھ منفی اشیاء کے تحت لسٹ کو پانچ سالوں میں مرحلہ وار ختم کیا جائے۔ آزادنہ تجارت کے تیسرے اور چوتھے سال میں 25 فی صد منفی اشیاء کی لسٹ کو جاری کیا جائے جبکہ بقیہ 50 فی صد منفی اشیاء کی فہرست کو پانچویں سال میں جاری کیا جائے ۔وزرات صنعت کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کے حق میں ہے تاہم ہماری صنعت کو بھارتی اشیاء کا مقابلہ کرنے اور توانائی کی وجہ سے پیدا بحران سے نکلنے کے لیے وقت درکار ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی طور پر بھارت کے ساتھ تجارت کے لیے منفی اشیاء کی محددو فہرست جاری کی جائے۔