گوگل اور ایپل نے اسرائیل اور غزہ میں لائیو ٹریفک میپس کو بند کر دیا

دونوں کمپنیوں نے اپنی میپس سروسز کے اس فیچر کو غیر فعال کیا ہے / فائل فوٹو
دونوں کمپنیوں نے اپنی میپس سروسز کے اس فیچر کو غیر فعال کیا ہے / فائل فوٹو

گوگل اور ایپل نے عارضی طور پر اسرائیل اور غزہ میں اپنی میپس ایپس پر لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس کو بند کر دیا ہے ۔

ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور غزہ میں گوگل میپس اور ویز پر لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس فی الحال دستیاب نہیں ہیں، جس کی وجہ غزہ پر اسرائیل کے ممکنہ زمینی حملے کی تیاری ہے۔

گوگل کے ایک ترجمان نے بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کمپنی نے اپنی میپنگ سروس ایپس پر اسرائیل اور غزہ میں لائیو ٹریفک ڈیٹا کو عارضی طور پر غیر فعال کر دیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ 'ماضی کی طرح ہم نے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں مقامی برادریوں کی حفاظت کے پیش نظر ٹریفک کی لائیو اپ ڈیٹس کو عارضی طور پر غیر فعال کر دیا ہے'۔

گوگل ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کمپنی نے فیصلے سے قبل علاقائی اور مقامی حکام سمیت دیگر ذرائع سے مشورہ بھی کیا تھا۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے یہ اقدام اسرائیلی فوج کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب گوگل میپس کے اس فیچر کو کسی خطے میں بند کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2022 میں یوکرین میں بھی لائیو ٹریفک ڈیٹا کو غیر فعال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی نیوز سائٹ گیک ٹائم نے تصدیق کی ہے کہ ایپل کی جانب سے لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس کو خطے میں عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :