27 اکتوبر ، 2023
سپریم جوڈیشل کونسل نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس خارج کردیا۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں مظاہر نقوی اور جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس خارج کردیا گیا، ان کے خلاف ریفرنسز کو ناقابل سماعت ہونے پر خارج کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس دائر کیے جانے کے وقت سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری کا فورم نہیں تھا، نیب قوانین میں ترامیم کے بعد 2022 سے چیئرمین نیب کے خلاف شکایات کا فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کےخلاف شکایتی ریفرنسز 2019 میں دائر کیے گئے تھے، نیب قوانین میں ترامیم کے بعد اب چیئرمین نیب کےخلاف شکایات کا جائزہ سپریم جوڈیشل کونسل لے سکتی ہے۔