29 اکتوبر ، 2023
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کا کام غزہ میں دوائی اور کھانا پہنچانا نہیں ہے ، مسلمان حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔
جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں مظاہرہ کیا جس میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں آپ کا کام غزہ میں دوائی اور کھانا پہنچانا نہیں، غزہ کے عوام کو بچانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کیا، چند دنوں میں 8 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
سراج الحق نے ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گيا ، ہماری پکڑ دھکڑ کر کے کس کو خوش کرنا چاہتے ہو۔
دوسری جانب کوئٹہ میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام طوفان الاقصٰی مارچ کیا گیا جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد موجود تھی۔
شرکا نے خطاب میں کہا کہ فلسطین ایک آزاد ریاست بن کر ابھرے گی۔