31 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف شاندار بیٹنگ کرکے پاکستان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اوپننگ بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ کامیابی آپ کو اعتماد دیتی ہے، کوشش ہوگی اگلے دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتیں۔
ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف با آسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے بیٹر فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔ وہ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔
بنگلادیش کے خلاف جیت کے بعد فخر زمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں کامیابی آپ کو اعتماد دیتی ہے، کوشش ہوگی اگلے دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں بولرز کو ایکوریٹ بولنگ کرنا ہوتی ہے، بھارت کی وکٹ بیٹر کیلئے آسان ہے۔
انجری کی وجہ سے ورلڈکپ کے میچز نہ کھیلنے پر بات کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ میری انجری زیادہ خطرناک نہیں تھی، انجری میں بھی کھیل سکتا تھا لیکن اچھا کیا تھوڑا آرام کیا۔
فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کا اثر بھی پڑتا ہے اور کارگردگی پر فرق بھی، جنوبی افریقا کے خلاف کم بیک کیا، اسی میچ سے ٹیم کا کمبی نیشن بنا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آگیا ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔