02 نومبر ، 2023
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان غیر قانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کے بجائے ان کی رجسٹریشن کے لیے جامع مکینزم بنائے۔
یو این پناہ گزین ایجنسی کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے کہا کہ افغان باشندوں کی واپسی کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور ان کی جانوں کو خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر 8 ممالک اور یورپی یونین نے بھی مشترکا بیان میں کہا ہے کہ غیر دستاویزی افغانوں کے لیے رجسٹریشن کا نظام تیار کیا جائے اور تحفظ کے طلبگار افغانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک افغان پناہ گزینوں کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں، افغانستان کے پڑوسی ممالک تحفظ کے خواہاں افغانوں کو داخلے کی اجازت دیں۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو رضا کارانہ طور پر ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہو چکی ہے۔
حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پکڑ کر ہولڈنگ پوائنٹس میں رکھا جا رہا ہے جہاں سے انہیں ان کے ملک ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔