Time 05 نومبر ، 2023
کھیل

نیوزی لینڈ کے خلاف یہ کیرئیر کی بہترین اننگز تھی: فخر زمان

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی 

بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے قومی کرکٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف یہ اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز میں سے ایک ہے

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر فخر زمان نے اپنے گیم پلان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں معلوم تھا کہ بارش آئے گی اس لیے ہم نےاپنی کلکولیشن پوری کر رکھی تھی، جب بابر آیا تو اس نے لمبی پاٹنر شپ کی بات کی، 20 اوور سے پہلے ہمیں پیغام ملا کہ تھوڑے رنز اور بنائیں تاکہ ڈی ایل کے تحت ہم آگے رہیں۔

اپنی پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکٹ بہت اچھا تھا اسپنرز کیلئے اس میں کچھ نہیں تھا، بیٹنگ وکٹ پر ہمارے بولرز نے نیوزی لینڈ کو 30 سے 40 رنز کم بنانے دیے ہیں، اگر میچ پورا ہوتا تو ہم ہدف کی جانب جاتے۔

فخرزمان نے کہا کہ جب میں نہیں کھیل رہا تھا تو اپنی فٹنس اور فارم پر کام کررہا تھا، آج پلان کے مطابق بیٹنگ کی، میرا دن اچھا تھا اور میں خوش نصیب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم منیجمنٹ ہمیں یاد دلاتی رہتی ہے کہ پاکستان سیمی فائنل سے باہر نہیں ہوا، اس ٹیم میں بہت صلاحیت ہے، پاکستان ٹیم کو ردھم مل گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رن سے شکست دے دی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رن بنائے، جواب میں پاکستان ٹیم نے 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنائے اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رن سے شکست دے دی۔

میچ میں  شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فخر زمان نے 63 گیندوں پر 9 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے کیرئیر کی 11 ویں سنچری بنائی جو ورلڈکپ میں ان کی پاکستان کی طرف سے تیز ترین سنچری ہے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔

مزید خبریں :